حضرت امامِ ربّانی مجددالف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت امامِ اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کو فقہ کابانی اور صاحبِ خانہ قراردیاہے۔ حضرت امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ، حضرت امام شافعی رضی اللہ تعالی ٰ عنہٗ اور حضرت امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کو آپ کی معنوی اولاد کہا ہے۔ دنیا اسلام میں 65فی صد مسلمان فقہ میں حضرت امامِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کے مقلدہیں۔ حضرت امامِ اعظم نعمان بِن ثابت کوفی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کی تعلیمات اورآپ کی شخصیت کے علمی، عملی، اجتہادی وروحانی پہلوؤں کے مختلف گوشوں سے نقاب کشائی کرنے کے لیے حضرت صاحبزادہ میاں جمیل احمد شرقپوری نقشبندی مجددی رحمہ اللہ تعالیٰ نے ماہنامہ ’’نور اسلام ‘‘ کا ’’امامِ اعظم نمبر‘‘ نکالابعدمیںیہ نمبر تذکرہ حضرت امامِ اعظم کے نام سے کتابی صورت میں شائع کروانے کابھی اہتمام کیا۔ گویا آپ جانشینِ مصطفےٰ حضرت سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بانی فقہ حضرت امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ اور برِصغیر پاک وہند میں ہزار سالہ مجددکی تعلیمات اورکارہائے نمایاں سے عوام الناس کو روشناس کرانے کے لیے ایک مشنری جذبہ سے کام کیاہے۔ موجودہ مادی دور میں اس کی مثال ڈھونڈنے سے نہیں ملتی۔