نور اسلام - مارچ-2019

ثناءِ مصطفی ﷺ > صفحہ 1

وہی سب سے میٹھی زبان ہے جو مرے نبی ؐکی ثناء کرے
رہے جس میں یاد حضور کی میرا رب وہ دل بھی عطا کرے


جو مزا ہے ذکرِ حبیبؐ میں ہے کسی کسی کو نصیب میں
وہی رنج وغم سے بچا رہے جو نبی کو یاد کیا کرے


مراسُکھ مدینے میں حاضری مرا دُکھ مدینے سے واپسی
جو وہاں چلو تو دُعا کرو نہ خُدا وہاں سے جُدا کرے


ملا ہم کو ایسا کریم ہے جو عظیم سے بھی عظیم ہے
وہ جو دشمنوں کے لیے بھی امن وسلامتی کی دُعا کرے


یہ صدا درود وسلام کی ہے یہی متاع غُلام کی
مرے ساتھ آخری سانس تک یہ صدا ہی جائے خُدا کرے


میں نے اُن کا نام جہاں لیا ہوا مجھ پہ سارا جہاں فدا 
یہ ظہوریؔ بندہ پُر خطا بھلا کیسے شکر اداکرے


محمد علی ظہوری ؒ