حضرت پیرمیاں خلیل احمدصاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ

حضرت پیرمیاں خلیل احمدصاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ > صفحہ 1

 

ڈاکٹر نذیر احمد شرقپوری

اللہ کے خاص بندے:

وَاللّٰہُ یَحْتَصُّ بِرَحْمَتِہٖ مَنْ یَّشَآءُ ط وَاللّٰہُ ذُوالْفَضْلِ الْعَظِیْم (البقرہ2:آیت105)
ترجمہ:اورجسے اللہ چاہتاہے اپنی رحمت سے خاص کرلیتاہے اوراللہ بڑے فضل والاہے۔
یہ ارشادِباری تعالیٰ انبیاء ومرسلین علیہم السلام اور اولیائے کرام کی عظمت ورفعت پر دلالت کرتاہے جنہیں بنی نوع انسان میں اختصاص حاصل ہے۔ اس تخصیص کا تعلق اعمال وافعال حسنہ سے نہیں۔محض اللہ تعالیٰ کی رحمت کاثمرہ ہے۔تاہم اللہ تعالیٰ نے جنہیں اپنی رحمت سے خاص فرمایاہے ان کے اعمال وافعال،شمائل وخصائل،عادات واطوار میں ایسا حُسن پایاجاتاہے کہ وُہ مجسمہ رحمت نظرآتے ہیں۔لوگ ازخود ان کی رحمت بھری خُوبیوں کی کشش سے ان کی طرف دوڑے چلے جاتے ہیں۔

خاندانی پس منظر:

پیر صاحبزادہ میاں خلیل احمد شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کاتعلق ایک ایسے دینی وعلمی خاندان سے تھاجس نے کفروشرک کے گڑھ ہندوستان میں نُورِاسلام کی کرنیں بکھیرنے میں کلیدی کرداراداکیاتھا۔ آپ کے خانوادے نے اپنے روحانی فیوض و کمالات سے برِصغیر کے گوشے گوشے کومنورکیااورتحریکِ قیامِ پاکستان میں ان کے بزرگوں نے اپنے مریدین کے ہمراہ کلمہ طیّبہ کے نام پر معرضِ وجود میںآنے والی اس مملکتِ خُداداد کے لیے تن من دھن کی بازی لگادی۔ آپ کے پرداداحضرت میاں غلام اللہ شرقپورنقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ نے تحریکِ پاکستان کوکامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے نہ صرف خود بابائے قوم حضرت قائداعظم محمدعلی جناح رحمۃ اللہ علیہ کابھر پور ساتھ نبھایابلکہ اپنے مریدین اور درگاہ شرقپورشریف کے وابستگان کوبھی مسلمانانِ ہند کی نمائندہ جماعت آل انڈیامسلم لیگ کی حمایت کاحکم دیا۔ اُن کے اس تعاون کے طفیل پنجاب میں برطانیہ نواز یونینسٹ پارٹی کے اثرو رسوخ کوبے اثرکرنے میں خاطرخواہ مددملی۔آپ کے داداحضرت میاں شیرمحمد شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کے روحانی مقام ومرتبہ سے اہلِ وطن بخوبی واقف ہیں۔ مردِدرویش حضرت علامہ محمداقبال رحمۃ اللہ علیہ بھی اُن کے ذاتِ والا صفات سے کسبِ فیض کی خاطر شرقپورشریف تشریف لے گئے تھے۔ آپ کے والدِ گرامی پیرِطریقت، رہبرِِ شریعت، فخرالمشائخ، الحاج صاحبزادہ میاں جمیل احمدشرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃاللہ علیہ کی دینی وسماجی خدمات کے احاطے کے لیے توایک الگ دفتردرکارہے ۔
حضرت صاحبزادہ میاں خلیل احمدشرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ،اعلیٰ حضرت شیرِربّانی میاں شیرمحمد صاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کے حقیقی برادرِاصغرحضرت ثانی لاثانی میاں غلام اللہ صاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے اور فخرالمشائخ حضرت صاحبزادہ میاں جمیل احمد صاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کے لختِ جگراور آستانہ عالیہ شیرِربانی شرقپورشریف کے چشم وچراغ تھے۔

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نُوری پہ روتی ہے 
بڑی مشکل سے ہوتاہے چمن میں دیدہ ور پیدا

پیدائش:

حضرت صاحبزادہ میاں خلیل احمدشرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ کی صحیح تاریخ پیدائش 6۔اکتوبر 1955 ؁ء بمطابق 18۔صفرالمظفر1375ھ ؁ہے جس کی تصدیق صاحبزادہ میاں ولیداحمدجوادؔ شرقپوری نے کی ہے۔آپ بوقت دوپہربروزجمعرات حویلی میاں برکت علی صاحب ذیلداراچھرہ، لاہور میں پیداہوئے۔ والدِگرامی قدر فخرالمشائخ حضرت صاحبزادہ میاں جمیل احمد صاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃاللہ علیہ نے آپ کے کان میں اذان پڑھی اورخلیل احمد نام رکھا۔ آپ کاسُنّت کے مطابق ساتویں روزعقیقہ کیاگیا۔

تعلیم:

آپ نے میٹرک تک تعلیم شرقپورشریف میں حاصِل کی اوردنیاوی تعلیم کوچھوڑ کردینی کتب کے مطالعہ میں مصروف ہوگئے۔آپ بزرگوں کی اولاد تھے۔آپ کودنیاوی تعلیم سے کیاغرض تھی۔
آپ نے بچپن ہی میں اللہ اللہ کی طرف توجہ کی جوبزرگوں کاطریقِ کارہے۔ آپ نے اپنے والد ہی کی زیرِنگرانی روحانی مدارج طے کیے اورروحانیت کے بلندترین مقام پرفائزہوئے۔

شرفِ بیعت:

آپ نے اپنے والدِگرامی قدر فخرالمشائخ حضرت صاحبزادہ میاں جمیل احمد صاحب شرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃاللہ علیہ کے دستِ حق پرست پرشرفِ بیعت حاصِل کیا۔