ماہنامہ’’نوراسلام‘‘ کااجراء فخرالمشائخ حضرت میاں جمیل احمدشرقپوری نقشبندی مجددی رحمۃاللہ علیہ نے 1955 ء میں بڑے سائزمیں کیا۔
الحمدللہ ماہنامہ’’ نوراسلام‘‘شرقپورشریف جوبرصغیر پاک وہند، عالمِ اسلام کے علاوہ پوری دنیامیں تحریکِ مجددیہ نقشبندیہ کاحقیقی ترجمان ہے، اپنے آغاز1955 ٗ سے لے کر2016 ء تک تسلسل سے نکل رہاہے۔ اس کا اپناایک اسلوب اورطریقہ کارہے۔مثبت اندازِ تحریرکوقوم وملک اوردنیاکے سامنے پیش کرنااوران کی دینی و اسلامی، علمی وتاریخی ضرورتوں کو مدِ نظررکھتے ہوئے تعلیماتِ مجددیہ نقشبندیہ کی روشنی
میں رہنمائی اس کاطرۂ امتیازہے۔ اہل علم وقلم کی نگارشات گراں مایہ سے اس کادامن ہمیشہ بھرپوررہاہے۔
حضرت میاں جمیل احمدشرقپوری رحمۃ اللہ علیہ عالم اسلام کی عظیم روحانی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین مبلغ بھی تھے۔ جہاںآپ نے صوفیہ کے طریق اوراندازِ تربیت کی ترویج فرمائی وہاں تصوف کی سلاسل کی شناخت کومحفوظ رکھنے کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھائے۔ مساجدسے لے کر مدارس تک ،خدمتِ خلق سے لے کر تحقیق واشاعت تک ،میاں جمیل احمدشرقپوری رحمۃ اللہ علیہ نے تن تنہااتنا کام کیاکہ جس کی نظیر ملنامشکل ہے۔آپ رحمۃ اللہ علیہ دینی کاموں کی اشاعت کے سلسلہ میں جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال کوضروری قراردیتے تھے۔ آپ کوذاتی طور پراصلاح وتبلیغ کی غرض سے کتابیں شائع کرواکرتقسیم کروانابے حد پسندتھا۔ اکثر آپ اپنے معتقدین اوروابستگان کو بھی تاکید فرمایاکرتے کہ تبلیغی لٹریچر شائع کرواکر تقسیم کریں۔
ماہنامہ ’’نوراسلام ‘‘کی اشاعت کے سلسلہ میں حضرت میاں جمیل احمد شرقپوری رحمۃاللہ علیہ کوشرقپورشریف کی بجائے لاہورمیں اپنے قیام کاٹھکانابناناپڑا اوراس کی اشاعت کے لیے کئی جگہوں اورپریسوں کاانتخاب کرناپڑا۔ آپ رحمۃاللہ علیہ1959 ء میں چوک دالگراں کے پاس ’’مقبول عام پریس‘‘کے ایک کمرے میں قیام کرنے لگے۔ کبھی کبھی شرقپور شریف سے آتے ، اپنے کمرے میں تشریف فرما ہوتے۔
ماہ اکتوبر1956 ء۔۔۔ ستمبر، اکتوبر1957 ء۔۔۔جنوری، فروری، ستمبر، اکتوبر، نومبر1958 ء۔۔۔۔جنوری، فروری، اپریل،مئی،اگست،اکتوبر،نومبر،دسمبر 1959 ء۔۔۔فروری،مارچ،اپریل1960 ء۔۔۔جنوری، فروری، مارچ، اپریل 1960 ء۔۔۔۔جنوری، فروری، مارچ، اپریل 1961 ء کے شمارے ’’ اشرف پریس‘‘ لاہورسے چھپواکر دفتر ماہنامہ نوراسلام شرقپورشریف ضلع شیخوپورہ سے شائع کیے۔ آپ رحمۃاللہ علیہ 1961 ء میں لوہاری دروازہ کے باہر ’’مدینہ پریس‘‘کی چھت پر ایک حجرے میں اپنی مجالس قائم کرنے لگے۔اکتوبر، نومبر، دسمبر1961 ء۔۔۔۔ جنوری، فروری، مارچ، اپریل، جون، اگست، کے شمارے ’’مدینہ پرنٹنگ ہاؤس‘‘ گنپت روڈسے چھپواکر دفترماہنامہ نوراسلام شرقپور شریف ضلع شیخوپورہ سے شائع کیے۔کچھ عرصہ کے بعد آپ رحمۃاللہ علیہ نے صوفی غلام سروررحمۃ اللہ علیہ (متوفی بروزجمعرات 9اپریل 2009 ء بمطابق 12ربیع الثانی 1430 ھ)کے گھرماہنامہ ’’نوراسلام‘‘کادفتر شفٹ کرلیا۔ماہنامہ نوراسلام کی تیاری ان کے گھرپرہوتی رہی۔ مارچ، اپریل1968 ء۔۔۔۔ جنوری، اپریل،مئی، اگست،ستمبر،نومبر1969ء ۔۔۔ جنوری، فروری، مارچ، اپریل1970 ء۔۔۔۔مئی،جون ،ستمبر، دسمبر 1972 ء۔ ۔۔۔جنوری، فروری، مارچ، اپریل، مئی، جون، جولائی،اگست، ستمبر،اکتوبر1973ء ۔۔۔جنوری، فروری، مارچ، اپریل 1974 ء ماہنامہ کے شمارے ’’کیمبرج پریس‘‘ 8۔سی دربار مارکیٹ سے چھپواکردفترماہنامہ نوراسلام شرقپور شریف سے شائع کیے گئے ۔ ۔۔۔مئی، جون ، جولائی، اگست، نومبر، دسمبر1974 ء ماہنامہ نوراسلام کے شمارے’’ المکہ پریس‘‘5۔ شارع فاطمہ جناح سے چھپواکر دفترماہنامہ نوراسلام شرقپور شریف سے شائع کیے گئے۔۔۔پھرکچھ عرصہ بعدماہنامہ نوراسلام کادفتر جامع مسجدشیرِ ربانی مدینہ چوک (چوک ناخدا)وسن پورہ ، لاہورمیں شفٹ کیاگیا۔ جب جامع مسجد قادریہ شیرربانی 21ایکڑسکیم نیومزنگ سمن آباد، لاہورتیارہوگئی اور صوفی غلام سرور رحمۃاللہ علیہ اس مسجدمیں خطابت کے فرائض انجام دینے لگے توپھر نوراسلام کادفتراس مسجد کے متصل کمروں میں شفٹ کردیاگیا۔ 1997ء میں ماہنامہ’’نوراسلام ‘‘کا دفترکاشانہ شیرربانی ، مکان نمبر5،اجمیری سٹریٹ، ہجویری محلہ، نزدحضرت داتاگنج بخش ، لاہورتبدیل کردیاگیا۔(1975ء سے 1996ء تک پریس معلومات حاصل نہیں کی جاسکیں)1997ء سے ماہنامہ ’’نوراسلام‘‘آر۔زیڈپیکجز۔2کورٹ سٹریٹ26لوئرمال ،لاہورسے شائع ہوتارہا۔فخرالمشائخ حضرت میاں جمیل احمد شرقپوری رحمۃ اللہ علیہ (متوفی 11ستمبر2013ء )نے اپنے وصال سے کچھ عرصہ قبل ماہنامہ’’نوراسلام‘‘کاڈیکلریشن اپنے ہونہاپوتے صاحبزادہ میاں ولیداحمدجواد شرقپوری کے نام کروادیا۔آج کل ماہنامہ ’’نوراسلام‘‘میاں ولید احمدجوادشرقپوری پرنٹرآر۔زیڈ پیکجزریاض کالونی، بندروڈ، لاہورسے چھپواکردفترماہنامہ نوراسلام شرقپور شریف سے شائع کررہے ہیں۔