۱۶۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اس کے نزدیک اس کے ماں باپ بیٹے اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔ (بخاری، مسلم)
۱۷۔ حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا حیاء اور ایمان دونوں اکٹھے رہتے ہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوتے جب جاتے ہیں تو اکٹھے ہی جاتے ہیں۔ یعنی جب انسان کا حیاء نکل جائے تو ایمان بھی نکل جاتا ہے۔ (المعجم الصغیر للطبرانی )
۱۸۔ حضرت کعب بن عجرہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جوشخص تنگ دست(قرض دار) کو مہلت دے یا اس پر آسانی کرے تو اللہ تعالیٰ اس دن اس کو (اپنی رحمت کے) سائے میں جگہ عطافرمائے گا جس دن اللہ کے سائے کے سوا کوئی سایہ نہیں ہوگا۔(المعجم الصغیر للطبرانی )
۱۹۔ حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا۔ مزدور کو اس کی مزدوری اداکرو اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے۔ (ابن ماجہ شریف)
۲۰۔ حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ اکرم ﷺ نے فرمایا ۔ جس شخص کو بھی مسلمانوں کی حکمرانی سونپی گئی اور وہ ان سے خیانت کرتا ہوا مرگیا تو اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کردی۔ (بخاری، مسلم)
۲۱۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن جب اللہ کی رحمت کے سائے کے سوا اور کوئی سایہ نہیں ہوگا۔ اس دن سات طرح کے لوگوں کو اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کا سایہ عطا کرے گا ۔(1)عدل وانصاف کرنے والا حکمران۔(2)وہ نوجوان جس کی نشوونما اللہ کی عبادت میں ہوئی ہو۔(3)وہ شخص جس کا دل مسجد میں لگارہے۔(4)وہ دوشخص جو اللہ کیلئے ایک دوسرے محبت کرتے ہوں اور اللہ کی رضا کے لیے وہ ایک دوسرے سے ملیں اور ایک دوسرے سے جدا ہوں۔(5)وہ شخص جسے کوئی خوبصورت اور اثرورسوخ والی عورت(زنا کرنے کی) دعوت دے اور وہ اسے جواب دے کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں۔(6)وہ شخص جو خفیہ طور پر اس طرح صدقہ دے کہ دائیں ہاتھ سے دے اور بائیں کو خبر نہ ہو۔(7)اور وہ شخص جو تنہائی میں اللہ کا ذکر کرے اور اس کی آنکھوں سے آنسوجاری ہوجائیں۔ (بخاری ،مسلم)