شیرِربانی حضرت میاں شیرمحمدشرقپوری علیہ الرحمۃ کاتعارف

تعمیرِمساجد > صفحہ 1

آپ کو مساجد کی تعمیر کا بڑا شوق تھا۔ چنانچہ آپ نے کئی ایک مساجد تعمیر کرائیں۔ کیونکہ اللہ تبارک و تعالےٰ نے خود مومن کی یہی پہچان بتائی ہے کہ وُہ مسجدیں تعمیر کرتاہے۔ قرآنِ پاک میں ارشادہے:۔
اِ نَّمَا یَعْمُرُمَسَاجِدَاللّٰہِ مَنْ اٰمَنَ بِااللّٰہِ وَالْیَوْمِ الاَْخِرِ ط (توبہ۔۹:۱۸)
ترجمہ: بے شک اللہ کی مساجد کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہیں۔(القرآن)۔جومساجد آپ نے تعمیر فرمائیں وُہ مندرجہ ذیل ہیں:۔

(1) مسجد حضرت میاں صاحب رحمۃ اللہ علیہ:

یہ مسجد پہلے بہت چھوٹی تھی۔ جمعہ کے دن زیادہ ہجوم کی وجہ سے صف باندھنا بھی سخت دشوار تھا اور بسا اوقات کئی لوگ جگہ نہ ملنے کی وجہ سے ،حضرت قبلہ رحمۃاللہ علیہ کے ارشادات سننے سے محروم رہ جاتے تھے۔ آپ کے دل میں خیال آیا کہ اوّل تو مخلوقِ خدا مسجد میں پوری نہیںآتی اور جتنے لوگ آتے ہیں وُہ بھی تنگی سے جمعہ پڑھتے ہیں۔ اس لیے آپ نے ۱۳۴۰ ؁ھ میں مسجد کے چند ملحقہ مکانات خرید کر ،مسجد کی توسیع فرمادی اورتقریباً تیس ہزار روپیہ کی لاگت سے اس مسجد کو کوٹلہ شریف والی مسجدکے نمونہ پربنوایا۔

(2) مسجد حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ:

یہ مسجد حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ کے آستانہ عالیہ کی طرف شہر شرقپورشریف کے مغرب کی جانب ،جنوب جانیولی شاہراہ کے کنارے واقع ہے ۔ حضرت قبلہ رحمۃاللہ علیہ نے اس کی تعمیرمیں شان وشوکت پیداکرنے کے لیے ہرقسم کی مفید واحسن خدمات کیں۔ حضرت میاں غلام اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ سجادہ نشین وبرادرِ حقیقی حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ نے حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ کے حقوقِ تولیّت استعمال کرانے کے لیے ۱۹۴۰ ؁ء کواپنے عہدِ خلافت میں کتبہ تحریر کرایا۔

(3) مسجد قبرستان ڈاہرانوالہ نزد شرقپور:

اس قبرستان کے اندر کوئی مسجد نہ تھی۔ چنانچہ آپ نے ضرورت محسوس فرماتے ہوئے یہاں بھی ایک مسجد تعمیر فرمائی۔ یہ قبرستان شرقپور شریف کے جنوب مغرب میں واقع ہے اوراسی مسجد کو قریب آپ کا مزار پر انوار ہے۔

(4) مسجد محلہ نبی پورہ شرقپور:

یہ محلہ شرقپورقصبہ کے مشرق میں ،شرقپور شریف سے موضع بھینی کی طرف جانے والی شاہراہ پرواقع ہے۔ مسجد نہ ہونے کی وجہ سے اہلِ محلہ کو بڑی دقت تھی۔ چنانچہ آپ نے یہاں پر بھی ایک مسجد تعمیر کرائی اور مسجد کے ساتھ امام کی رہائش کے لیے ایک مکان تعمیر کرایا۔ پہلے مسجد کچی سی تھی۔ حضرت میاں غلام اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ برادرِحقیقی حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ نے ۱۹۵۲ ؁ء میں دوبارہ انہی بنیادوں پر ایک عالیشان (پُختہ) مسجد بنوائی۔

(5) مسجد کوٹلہ شریف:

کوٹلہ شریف میںآپ نے ہزاروں روپے خرچ کرکے ایک عالیشان مسجد تعمیرکرائی جو اپنے علاقہ میں اپنی مثال آپ ہے۔

(6) مسجد محلہ دُھدل پُورہ شرقپور:

محلہ دُھدل پُورہ میں برلبِ سڑک ایک چھوٹی سی مسجد بنوائی۔ یہ محلہ شرقپور کے قصبہ کے مغرب میں دربار حضرت میاں صاحب رحمۃاللہ علیہ کی طرف جانیوالی سڑک پرواقع ہے۔