شیرِربانی حضرت میاں شیرمحمدشرقپوری علیہ الرحمۃ کاتعارف

ارشاداتِ عالیہ > صفحہ 1

 
1) ہرکام بِسْمِ اللہ شریف پڑھ کرشروع کیاکرو،کیونکہ جس کام سے پہلے بِسْمِ اللہ شریف نہ پڑھی جائے، اس سے برکت اٹھ جاتی ہے۔
2) سود خوری سب سے بڑی لعنت ہے، اس سے بچئے۔
3) مُردے کودیکھ کراپنی موت یاد کرو۔
4) یہاں کے قیام وطعام کے لیے تو کئی قسم کے سامان مہیاکرتے ہو۔آخرت کے لیے بھی کوئی سامان تیارکرو۔ یہ سب سامان تویہاں رہ جائیں گے۔ آخرت کے لیے جوکچھ تم نے بنایاہے، وہی تمہارے ساتھ جائے گا۔
5) جوآدمی ایک دِن صدقِ دِل سے خدمت کرے ۔ اس کے ایک دن کی برکت ساری عمر کوکافی ہے اور جوساری عمر خدمت کرے ۔اس سے بہتر کون ہو سکتا ہے۔
6) جواپنے کام میں خدا اوررسول ﷺ کوبھلا دیتاہے۔ وُہ ہمیشہ ہی ذلیل و خوار ہوتاہے۔
7) پانچ آدمی پانچ وجہ سے دوزخ میں جائیں گے(ا)عرب کے لوگ تعصب اور عداوت کی وجہ سے (ب) گاؤں کے رئیس تکبّر کی وجہ سے (ج) سوداگر دغا بازی کی وجہ سے (د) عوام جہالت کی وجہ سے اور (ہ) عالِم حسد کی وجہ سے۔
8) تمام خلقت تین قسم کی ہے:
ٓ

اوّل۔ فرشتے،یہ عقل رکھتے ہیں، خواہش اورغصہ نہیں رکھتے۔
دوم۔ حیوان،یہ خواہش اور غصہ رکھتے ہیں،عقل نہیں رکھتے۔
سوم۔ انسان،یہ خواہش،غصہ اورعقل تینوں رکھتاہے۔

9) اگر انسان خواہش اور غصہ کوتابع عقل کرے توفرشتہ سے اعلیٰ درجہ پائے اور اگر اس کے خلاف کرے توحیوان سے بدتر،کیونکہ ان کی عادت ہے اور اس کا کسب،آدمی لذّت حیوانی اورخواہشِ نفسانی طلب کرتے ہیں۔ ان کی اتنی ضرورت ہے جتنی کھانے میں گرم مصالحہ کی۔
10) قرآن وسنت پرعمل کرو۔
11) اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسُول ﷺسے محبت پیداکرو۔
12) اپنے فیصلے شریعت کے مطابق خودکرو،کچہریوں میں جاکرذلیل وخوار نہ ہو۔
13) ہربستی میں تبلیغِ دین کی جماعت تیارکرکے، برائی سے روکو۔
14) حلال روزی کھاؤ، رشوت ستانی اور دوسروں کاحق نہ کھاؤ۔
15) حقہ نوشی چھوڑدو،کیونکہ جس جگہ حقہ پیاجائے،اُس جگہ رحمت کے فرشتے نازل نہیں ہوتے۔
16) تصّورِشیخ رکھوتوبہتر،ورنہ تصّورِ اِسمِ ذات ’’اَللّٰہٗ ٗ‘سب وظیفوں سے بڑا وظیفہ ہے۔